بھٹکل،15/مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ میں دو مقامات پر رات کے وقت چیتا نظر آنے کے بعد مقامی عوام میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق پہلا معاملہ جالی پٹن پنچایت کے وینکٹاپور گرام پنچایت میں پیش آیا جہاں پر اننت درگپا نائک کے گھر سے ایک کتے کو چیتا اٹھا لے گیا۔ کتے کی چیخ و پکار سن کر جب گھر والے باہر آئے تو چیتا کتے کو دبوچ کر لے جارہا تھا۔ چونکہ یہ کوئی جنگلاتی علاقہ نہیں ہے اس لئے یہاں بار بار چیتا نظر آنے سے مقامی لوگ خوفزدہ ہوگئے ہیں۔ اننت درگپا نائک نے اس معاملے کی اطلاع محکمہ جنگلات کے افسران کو دے دی ہے۔
دوسرا معاملہ منڈلّی گرام پنچایت میں پیش آیا۔ جہاں نیر گدّے علاقے میں مجنو ناتھ دیواڈیگا نامی شخص کے احاطے میں رات 3.30 بجے ایک چیتا گھس آیا اور وہاں سے بھی ایک کتا اٹھا لے گیا۔ اس واقعہ کی اطلاع بھی محکمہ جنگلات کو دی گئی ہے۔
اس معاملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے آر ایف او سویتا دیواڈیگا نے کہا کہ گرمی شدت اور جنگل میں پانی کی کمی کی وجہ سے جنگلی جانور پانی کی تلاش میں شہری آبادیوں کی طرف آنے لگے ہیں۔ اعلیٰ افسران کے ساتھ سے بات چیت کرکے اس مسئلہ کا مناسب حل تلاش کیا جائے گا۔